وزارت بہبود آبادی کی طرف سے اشتہار میں سنت رسولﷺ کی (نعوذ بااللہ)توہین پر مبنی کارٹون کی اشاعت پر شدید رد عمل

پیر11جولائی2011

مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے وزارت بہبود آبادی کی طرف سے اخبارات کو جاری کئے گئے اشتہار میں سنت رسولﷺ کی (نعوذ بااللہ)توہین پر مبنی کارٹون کی اشاعت پر شدید رد عمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ محکمہ بہود آبادی ملک میں بے حیائی اوربدکاری کے کلچر کو فروغ دے رہا ہے توہین آمیز کارٹون کی اشاعت ڈنمارک اور ناروے جیسے ممالک کی طرف سے اسلامی شعائر کے خلاف کی جانے والی گستاخیوں کا تسلسل ہے ان خیالات کا اظہار تحریک حرمت رسولﷺ کے کنوینئر مولانا امیرحمزہ،امیر تنظیم اسلامی پاکستان حافظ محمد عاکف سعید،جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی،تحریک حرمت رسولﷺ کے چیف کوآرڈینیٹر قاری محمد یعقوب شیخ،ممتاز عالم دین مفتی محمد خان قادری،جامعہ منظور الاسلامیہ کے مہتمم پیر سیف اللہ خالد،حافظ محمد اسعد عبید،تحریک فیضان اولیا کے مرکزی رہنماصاحبزادہ اخترر سول قادری، ملی مجلس شرعی کے رہنماڈاکٹر محمد امین ،قاری احمد میاں تھانوی،جماعة الدعوة لاہور کے ناظم مولانا محمد حسنین صدیقی،جماعت اسلامی لاہور کے امیرامیر العظیم،حافظ خالد ولید،مولانا رمضان منظور و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزارت بہبود آبادی کی طرف سے سنت رسول اللہ ﷺکی توہین پر مبنی اشتہارجاری کئے جانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے نبی اکرم ﷺ کی حدیث کا مفہوم ہے کہ ”ایسی عورتوں سے شادی کرو جو زیادہ اولاد پیدا کرنے والی ہوں میں قیامت کے دن اپنی امت کی کثرت پر فخر کروں گا “لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ آبادی کی روک تھام کے نام پر سرکاری سطح پر بے حیائی و عریانی کو فروغ دیا جا رہا ہے کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک پاکستان میں اسلامی شعائرکی گستاخیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا انہوں نے امریکی سفارتخانے میں ہم جنس پرستوں کے اجتماع کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں ہم جنس پرستی کی تقریب اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کھلا حملہ ہے امریکہ اب جغرافیائی حدودکے ساتھ ساتھ ہماری اسلامی اور ثقافتی حدود کو بھی پامال کر رہا ہے وہ منظم سازشوں کے تحت پاکستان میں اپنی گندی تہذیب و ثقافت کو پروان چڑھانا چاہتا ہے حکمرانوں کو اپنی آنکھیں کھلی رکھنی چاہیں اور اللہ کے عذاب سے ڈرتے ہوئے جنسی بے راہ روی پھیلانے کی سازشوں کو ناکام بنانا چاہئے۔