پوپ بینڈکٹ آف روم کو تحریک حرمت رسول ﷺکا خط

 

بسم اللہ الرحمن الرحیم
جناب محترم پوپ بینڈکٹ آف روم لارڈ آف کنڑیری آف لندن
ہدایت کے پیروکاروں پر سلامتی ہو
پاکستان کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے ایک متفقہ پلیٹ فارم ”حرمت رسولﷺ“ کے نام سے اس وقت تشکیل دیا جب آپ کے پیروکار عیسائیوں نے ہمارے جان سے پیارے رسول جناب محمد کریم ﷺ کے توہین آمیز خاکے بنائے۔ ہم نے بھرپور پرامن احتجاج کیا جس کا آپ نے بھی نوٹس لیا اب دوبارہ ناروے کے ایک اخبار آفٹن پوسٹن نے اس حرکت کو دہرایا ہے تب سے پاکستان میں حرمت رسولﷺ میں شامل جماعتیں بھرپور احتجاج کر رہی ہیں۔ آپ اس مذموم حرکت پر محض نوٹس لینے پر اکتفا نہ کریں بلکہ مضبوط قدم اٹھائیں تاکہ مذاہب کے درمیان تصادم کا سلسلہ آگے نہ بڑھے بدقسمتی سے یہ تصادم آپ کے کچھ پیروکاروں کی حرکتوں سے آگے بڑھ رہا ہے اور پھیل رہا ہے۔ جو مذاہب کے درمیان رواداری اور ڈائیلاگ کے تقاضوں کے سراسر خلاف ہے۔
جناب والا! ہم حیران ہیں کہ ہمارے رسولﷺ کے خاکے ڈنمارک اور ناروے کے جو لوگ بناتے ہیں ان پر جو قرآن نازل ہوا اس میں خود محمد کریمﷺ کے نام کا تذکرہ چار بار ہوا۔ ایک بار ”احمد“ کا نام آیا اور وہ بھی ان معنوں میں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے اس نام کے ساتھ ایک رسولﷺ کے آنے کی بشارت دی.... جبکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نام قرآن میں 35 بار آیا ہے۔ اسی طرح حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی والدہ کا نام ”مریم“ 34 بار آیا ہے۔ مسیح کا جو لفظ ہے اس کا تذکرہ 11 بار ہوا ہے۔ ماں بیٹا کے ناموں کو جمع کیا جائے تو یہ تعداد 70 بنتی ہے جس کا ذکر قرآن میں ہے پھر یہ سارے تذکرے انتہائی محبت و مودّت اور حقیقت کے پیرائے میں کئے گئے ہیں۔ انسانی فطرت کا تقاضا تو یہ تھا کہ آپ کی قوم حضرت محمد کریمﷺ کا شکریہ ادا کرتی مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ اس قوم کے بعض لوگ شکریہ ادا کرنے کی بجائے توہین کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ یہ انداز انسانی فطرت کے منافی ہے۔
جناب والا! قرآن کے بعد ہم مسلمانوں کی سب سے محترم کتابیں بخاری اور مسلم ہیں۔ مسلم کی کتاب میں ہمارے حضورﷺ کا ایک فرمان ہے۔ ارشاد فرمایا!
”کوئی بچہ ایسا نہیں کہ وہ پیدا ہو اور اسے شیطان کچوکہ نہ لگائے۔ یہی وجہ ہے کہ شیطان کے کچوکہ مارنے سے بچہ چیخ مارتا ہے۔ آدم علیہ السلام کا ہر بیٹا جب اسے اس کی ماں جنم دیتی ہے تو اس کے ساتھ ایسے ہی ہوتا ہے کہ شیطان اسے مس(TUCH) کرتا ہے مگر حضرت مریم علیہا السلام اور اس کے بیٹے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو شیطان نے کچوکہ نہیں مارا“ (مسلم۔ کتاب الفضائل)
جناب والا! غور فرمائیے ہمارے آخری رسول جناب محمد کریمﷺ دونوں ماں بیٹا کی فضیلت کو کس انداز سے رہتی دنیا تک واضح فرما رہے ہیں۔ اس کے برعکس آپ کی قوم کے لوگ جو ماں بیٹا کو ماننے کا دعوی کرتے ہیں۔ وہ حضرت محمد کریمﷺ کی توہین کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ یہ انداز سراسر غیر مہذب ہے اور مہذب دنیا کے لیے ناقابل قبول اور انتہائی نفرت انگیز ہے۔
آپ عیسائی دنیا کے ایک روحانی راہنما کے طور پر اپنا کردار ادا کریں۔ اس پر اپنی قوم کو مضبوط پیغام دیں۔ توہین کرنے والوں کا ناطقہ بند کریں۔ ایسے لوگوں کے خلاف خصوصی ہدایات جاری کریں۔ یورپی ممالک میں قانون سازی پر زور دیں کہ ایسی حرکت کرنے والوں کو کڑی اور سخت سزائیں دی جائیں۔ ناروے کے اخبار آفٹن پوسٹن کا ڈیکلریشن منسوخ کروایا جائے۔ وہاں کی حکومت کا سربراہ معافی مانگے اور یقین دلائے کہ ایسی حرکت آئندہ نہیں ہو گی۔ نیز یواین سے بھی قانون بنوایا جائے کہ تمام رسول اور مذاہب کی مقدس شخصیات کے خلاف توہین کو جرم قرار دلوایا جائے اور دنیا میں جو شخص یہ حرکت کرے اسے عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
جناب والا! ان عالمی اداروں میں برطانیہ، امریکہ اور یورپ کا اثرو رسوخ زیادہ ہے اس لیے اس حوالے سے آپ بھرپور کردار ادا کریں۔ ہمیں آپ کے مثبت ردعمل کا انتظار رہے گا۔
امیر حمزہ....کنوینئر
تحریک حرمت رسولﷺ۔ پاکستان